کراچی ٹیسٹ: سرفراز بیٹر سعود کیساتھ ملکر پاکستان کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کیلئے کوشاں

کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بیٹر سعود کیساتھ ملکر پاکستان کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کیلئے کوشاں ہیں۔
پانچواں روز
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستان صفر پر 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق اور شان مسعود 35 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرسکے اور 12 کے انفرادی سکور پر امام بھی سودھی کا شکار ہو گئے، کپتان بابراعظم 27، شان مسعود 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سرفراز احمد اور سعود شکیل بالترتیب 29 اور 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، قومی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے 194 رنز درکار ہیں جبکہ 5 وکٹیں باقی ہیں، نیوزی لینڈ کی جانب سے اِش سودھی اور مائیکل پریسویل نے 2، 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چوتھا روز

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور میں محض ایک رنز کا اضافہ کرسکی، ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔

قومی ٹیم کے ہیرو مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، انکی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آج پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔

نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ڈیون کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر وکٹ جلد گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کین ولیمسن 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ٹام بلنڈل اور مچل پریسویل نے 127 رنز کی شراکت داری قائم کی، بلنڈل 74 رنز بناکر آغا سلمان کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، آغا سلمان، حسن علی، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تیسرا روز

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پاک نیوزی لینڈ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو 29 رنز کے اضافے کے بعد اوپنر امام الحق جلد وکٹ گنوا بیٹھے،انہوں نے 83 رنز کی اننگز کھیلی

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 19، شان مسعود 20، کپتان بابراعظم 24، آغا سلمان 41، حسن علی 4، نسیم شاہ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میر حمزہ پہلی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

سرفراز احمد اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 150 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، سرفراز 78 رنز بناکر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل اور اش سودھی نے 2،2 جبکہ ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا روز

پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق 19 رنز اور شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ نے میچ کے دوسرے روز اپنی بقیہ اننگز 309 رنز 6 وکٹوں پر شروع کی لیکن اش سودھی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر واپس پویلین چلتے بنے۔

پہلا روز

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے، پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔

پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے اپنے تمام پانچ باؤلرز کو آزمایہ تھا تاہم کوئی بھی باؤلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔

ٹاس

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، قومی ٹیم نے محمد وسیم اور اسپنر نعمان علی کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی اور نسیم شاہ کو شامل کیا جبکہ مہمان ٹیم نے فاسٹ بولر نیل واگنر کی جگہ میٹ ہینری کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، نیشنل سٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے تماشائیوں کا داخلہ مفت ہے۔

قومی سکواڈ

قومی سکواڈ میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابراعظم، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، آغا سلمان، حسن علی، نسیم شاہ، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ ٹیم

کیویز کی جانب سے ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساوتھی، اش سودھی، میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل ٹیم کا حصہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں