اسلام آباد: مریم اورنگزیب نے اسمبلی میں موجود اپوزیشن کے 174 ایم این ایز کی لسٹ ٹویٹ کر دی۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ایل این کے 84، پی پی پی 56، ایم ایم اے 14، اے این پی 1، بی این پی مینگل کے 4 ایم این ایز ہیں، ایم کیو ایم کے 6، بی اے پی کے 4، جمہوری وطن پارٹی کا 1 آزاد 4 ایم این ایز شامل ہیں۔
نَصْرٌ مِّن اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ #یوم_نجات pic.twitter.com/kY1rC19yIp
ادھر مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سابق وزیر اعظم قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے عمران خان کی قسمت میں اقتدار سے جانا بھی عزت سے نہیں لکھا، اصل میں دھرنا ذہنیت کے لوگ آئینی اور جمہوری طریقے سے گھر جانا نہیں جاتے، آج یوم نجات ہے، عوام کو آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، کھاد چوروں سے نجات مبارک، چند گھنٹے بعد ملک کو جھوٹ، بدتمیزی، کرپشن، انتشار، خلفشار اور نالائقی سے نجات مل جائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج عمران صاحب کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا سرپرائز ملنے جا رہا ہے، آج عمران صاحب اپنے خیالی قلعوں کی دنیا سے سنگلاخ زمینی حقیقتوں میں آجائیں گے، عوام آئینی، جمہوری اور پارلیمانی روایات والے پاکستان میں قدم رکھیں گے، فارن فنڈنگ سے آنے والی عمران صاحب کی حکومت آج آئینی وجمہوری عمل سے گھر جا رہی ہے۔