لاہور: نیو انار کلی پان منڈی کے قریب دھماکا، 2 افراد جاں بحق

لاہور: نیو انار کلی پان منڈی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے جن میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
جاں بحق شخص کی شناخت 31 سالہ رمضان کے نام سے ہوئی۔ 9 سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر موجود ہیں۔ فرانزک ذرائع کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا، دھماکے میں کتنا بارود استعمال کیا گیا تعین کیا جا رہا ہے۔ دھماکے سے متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے سے متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگ گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں نیو انار کلی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق پلانٹڈ ڈیوائس لگائی گئی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ واقعہ میں کون ملوث ہے جلد پتہ لگا لیا جائے گا، زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، بارودی مواد لفافے میں چھپا کر موٹر سائیکلوں کے قریب رکھا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکے کا وقت ایک بج کر 44 منٹ ریکارڈ کیا گیا، دھماکے میں ایک بلڈنگ منہدم جبکہ 8 موٹر سائیکلیں تباہ ہوئیں، دھماکے کے بعد 40 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم نے انار کلی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ انارکلی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انارکلی بازار لاہور کے پاس ہونے والا دھماکا امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے- دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سےنہیں بچ پائیں گے۔ ہم دھماکےمیں جاں بحق افراد کےاہلخانہ کےدکھ اور درد میں برابر کےشریک ہیں- زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایات دی ہیں-
وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہورانارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، دھماکے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا۔ زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ پنجاب حکومت سے انارکلی دھماکے کی رپورٹ طلب کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت زخمیوں کے فوری بہتر علاج و معالجے کے لئے اقدامات کرے، اسلام آباد میں پولیس افسران کی شہادت کے بعد انارکلی میں دھماکا تشویش ناک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ہوئی، ملک میں دہشت گردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، عمران خان میں وہ اہلیت نہیں کہ کسی بحران کو حل کرسکیں۔
آصف علی زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ لاہور میں دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی، افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
زرداری نے مزید کہا کہ حکومت دہشت گردوں اور منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔
مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ انار کلی بازار جسے پر ہجوم اور مصروف ترین علاقہ میں دھماکہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔ بچے سمیت جاں بحق اور زخمی ہونے والے خاندانوں اور پاکستان پر رحم فرمائے۔
شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کے زندہ دل اور تاریخی علاقے انار کلی میں دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر بے حد دکھ اور افسوس ہے۔ معصوم بچےاورغریب افراد اس میں نشانہ بنے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لئے نیک فال نہیں!
چودھری شجاعت، پرویز الٰہی
اُدھر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے لاہور انارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرامن شہر کا امن خراب کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد دی جائے۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں