تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں، وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم سر جوڑ کر بیٹھ گئے

اسلام آباد: وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم این سی او سی میں سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔ تعلیمی ادارے کھولنے یا مزید بند رکھنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وزرائے تعلیم کا اجلاس این سی او سی میں جاری ہے۔ اجلاس میں وزرائے تعلیم و صحت ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔ این سی اوسی اجلاس میں امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں تعلیم اور صحت سے متعلق ملک بھر کی صورتحال کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا جائے گا۔ وزرائے تعلیم ، وزرائے صحت اور این سی او سی حکام تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 103 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 96 ہزار 184 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 953 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 35 ہزار 569، سندھ میں 2 لاکھ 66 ہزار 926، خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 33، بلوچستان میں 19 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 61، اسلام آباد میں 62 ہزار 211 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 529 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 4 لاکھ 93 ہزار 362 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 665 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 18 ہزار 158 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 645 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 103 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 675، سندھ میں 4 ہزار 510، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 469، اسلام آباد میں 584، بلوچستان میں 211، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 372 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں