ایشیا کپ کا میلہ سج گیا ، پاکستان کا نیپال کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ

ملتان : 15 سال بعد پاکستان میں ایشیا کپ کا میلہ سج گیا ، ملتان میں ہونیوالے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ کی پوری تیاری ہے ، پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے، ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
اس موقع پر نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔
ایشیا کپ کے پہلے میچ کیلئے پاکستان نے نیپال کیخلاف پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ شب کیا، ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔
سعود شکیل ، وسیم جونیئر اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ افتخار احمد، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
افتتاحی میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا،افتخار احمد، محمد رضوان،محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب بھی ہوئی جس کے دوران پاکستانی رنگ میں رنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔
واضح رہے کہ ایشیا کرکٹ کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، گروپ سٹیج میں ہر ٹیم 2،2 میچ کھیلے گی۔
دونوں گروپس کی پہلے 2 نمبرز پر آنے والی ٹیمیں ٹاپ 4 کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی، فائنل ٹاکرا سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کولمبو میں ہو گا، گروپ سٹیج میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان 10 ستمبر کو ٹاپ فور میں بھی ٹاکرا ہونے کا قوی امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں