اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور فوری الیکشن کا اعلان کرے: شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور فوری الیکشن کا اعلان کرے، پی ٹی آئی کے تمام ارکان سچے ہیں تو استعفیٰ دیں، سازش میں ملوث جماعتوں پر پابندی لگائی جائے، جب تک نیا وزیراعظم حلف نہیں اٹھاتا، عمران خان وزیراعظم رہیں گے، عدم اعتماد کے بعد کیا ہوگا، آئین خاموش ہے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کیخلاف سیاسی جنگ کا اعلان کرتا ہوں، پہلا راستہ ہے اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور فوری الیکشن کرائے، دوسرا راستہ ہے کہ ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے، تیسرا راستہ ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی مستعفی ہو جائیں، سازش میں ملوث افراد کیخلاف مقدمات چلائے جائیں، سیاسی لڑائی گلی محلے تک چلی گئی ہے، یہ آپس میں بھی کبھی اکٹھے نہیں رہ سکتے، رمضان کے بعد یا حج سے پہلے الیکشن ہونے چاہئیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 16 فروری کو ان پر فرد جرم عائد ہونی تھی، اپوزیشن پھنس چکی، عمران خان مقبول ہوچکے ہیں، سیاست کے فائنل راؤنڈ کیلئے 24 گھنٹے رہ گئے ہیں، ان 24 گھنٹے میں ہر گھنٹے بعد صورتحال بدلے گی، ملک کو آگے لے جانے کیلئے الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں، ملکی حالات تشویشناک ہیں، منحرف ارکان اس قابل نہیں رہے کہ اپنے حلقوں میں جاسکیں، منحرف ارکان قوم کی کیا ترجمانی کریں گے، آصف زرداری کو صوبے میں لوٹ مار کا بھتہ پہنچ رہا ہے، فیملی نظام ملک کیلئے نمک کی کان ہے، بدقسمتی ہے چور باپ بیٹا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کیلئے امیدوار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں